میں کہاں ہوں؟

کچھ بدل گیا ہے اور اس کا نام سمجھ نہیں آ رہا۔ یہاں سے شروع کریں۔

چھ سوال۔ اس کا ایک نام، اور کہنے کے لفظ۔

Roshara۔ پیری مینوپاز، انگریزی، اردو اور رومن اردو میں۔ سب سے پہلے پاکستانی اور جنوبی ایشیائی عورتوں کے لیے بنایا گیا۔

دو منٹ، نہ اکاؤنٹ، نہ نام۔ آپ کو ملتا ہے: آپ شاید جس موڑ پر ہیں اس کا نام، وہ لفظ جو ڈاکٹر سننا چاہتا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ جو آپ خود کہتیں، اور پوچھنے کی ایک چھوٹی سی لسٹ۔

یہ اندازہ ہے، تشخیص نہیں۔ یہ آپ کو نہیں بتاتا کہ کیا لینا ہے۔

نتیجہ کہاں سے آتا ہے

یہ موڑ STRAW+10 سے لیے گئے ہیں، وہ شائع شدہ پیمانے جو ریسرچ کرنے والے استعمال کرتے ہیں (Harlow et al., 2012)۔ جہاں ڈاکٹر سے پوچھنے کا کوئی سوال ہدایات سے لیا گیا ہو، نتیجہ بتاتا ہے کہ کن ہدایات سے: NICE کی ہدایات NG23، یا Pakistan Menopause Society کی اپریل 2026 کی سفارشات۔

یہاں کی اردو صحت کے 28 اردو پمفلٹوں سے شروع ہوتی ہے، جن میں سے زیادہ تر NHS کے ہیں۔ جہاں وہ متفق تھے، ان کا لفظ رکھا گیا۔ جہاں ان میں اختلاف تھا، انہوں نے غلط لکھا، یا ان کے پاس کوئی لفظ تھا ہی نہیں، وہاں ایک لفظ چنا گیا یا بنایا گیا۔ پورے 28 میں ہاٹ فلش کے کسی ایک لفظ پر اتفاق نہیں، اور NHS Scotland کے چار پمفلٹ اس کا ترجمہ ہلکا بخار کرتے ہیں۔

Roshara بتاتا ہے کہ ہدایات کیا کہتی ہیں۔ یہ کبھی نہیں بتاتا کہ آپ کیا لیں۔

جب اس کا کوئی لفظ ہی نہ ہو

یہ کوئی نام لے کر نہیں آتا۔ یہ باقی سب کے بیچ آتا ہے: کام، جوان ہوتے بچے، ماں یا باپ جنہیں آپ کی ضرورت ہے، ساتھ والے کمرے میں سسرال والے۔ نیند جو آتی نہیں، یا آ کر ٹھہرتی نہیں۔ ایسا غصہ جو پہلے آپ کے مزاج میں نہیں تھا۔ لفظ بھول جانا، بات کا سرا چھوٹ جانا۔ گھر والے ہر ایک کو سٹریس، عمر یا مزاج کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں، اور کبھی کبھی آپ خود بھی۔

پیری مینوپاز کے لیے اردو میں کوئی لفظ نہیں۔ جس چیز کا نام ہی نہ ہو، اس کے لیے مدد نہیں مانگی جا سکتی۔ بہت سی عورتیں ہاٹ فلش کو بخار کہتی ہیں۔ ڈاکٹر کوئی اور لفظ سننا چاہتا ہے۔

کلینک میں بھی یہ چھوٹ جاتا ہے۔ راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں 45 سے 55 سال کی ان 250 عورتوں کا ریکارڈ دیکھا گیا جنہیں ڈپریشن کی تشخیص ہو چکی تھی۔ پتا چلا کہ ان میں سے 78% میں مینوپاز کی علامات ناپنے والے ایک معیاری پیمانے پر پیری مینوپاز کی نمایاں علامات تھیں۔ ان علامات پر کسی کی نظر نہیں گئی تھی۔

پورا نتیجہ، مفت

تین چیزیں، سکرین پر، جیسے ہی آپ ختم کریں۔

ایک نام۔
آپ شاید جس موڑ پر ہیں، شائع شدہ پیمانوں کے مطابق۔ کچھ جواب ابھی کسی موڑ کی طرف اشارہ نہیں کرتے، اور نتیجہ یہ بھی صاف صاف بتا دیتا ہے۔
اس کے لفظ۔
جو کچھ آپ نے چنا، ہر ایک ویسے لکھا جیسے آپ کہتیں، اور ساتھ ہی وہ لفظ جو ڈاکٹر سننا چاہتا ہے۔
کیا پوچھیں۔
اپائنٹمنٹ میں ساتھ لے جانے کے سوال۔ جہاں کوئی سوال ہدایات سے لیا گیا ہو، وہاں ان ہدایات کا نام بھی لکھا ہے۔

مفت، اور اس میں سے کچھ بھی دیکھنے کے لیے اکاؤنٹ نہیں چاہیے۔

چھ سوال

آپ کی عمر۔ پچھلے ایک سال میں آپ کی ماہواری۔ پچھلے تین مہینوں میں آپ نے کیا محسوس کیا۔ یہ سب کب سے چل رہا ہے۔ یہ زندگی میں کتنا آڑے آ رہا ہے۔ آپ نے ڈاکٹر سے بات کی ہے یا ابھی نہیں۔

صرف دبانا ہے، لکھنا کچھ نہیں، اور آپ پیچھے بھی جا سکتی ہیں۔ اگر ماہواری سے کچھ پتا نہیں چلتا تو اس کے لیے “پتا نہیں چلتا” ہے۔ اگر لسٹ میں سے کچھ نہیں ملتا تو اس کے لیے “ان میں سے کوئی نہیں” ہے۔

آپ کے جواب کون دیکھتا ہے

کچھ انسٹال نہیں کرنا۔ آپ کے جواب نام کے بغیر رکھے جاتے ہیں، جب تک آپ ای میل نہ دیں، سائن اِن نہ ہوں، یا نتیجے سے اکاؤنٹ نہ بنائیں یا سائن اِن نہ کریں۔ جو جواب کسی اکاؤنٹ سے نہیں جڑے، وہ تین مہینے بعد مٹا دیے جاتے ہیں۔ ہم گنتے ہیں کہ سائٹ پر کتنے لوگ آئے، بغیر کوکیز کے، اور ایسی کسی چیز کے بغیر جو دوسری ویب سائٹس تک آپ کا پیچھا کرے۔ اگر فون صرف آپ کا نہیں تو اسے پرائیویٹ ٹیب میں کھولیں، تاکہ یہ براؤزر کی ہسٹری میں نہ آئے۔

جوابوں کا کیا ہوتا ہے

شروع کرنے سے پہلے

  • کیا یہ تشخیص ہے؟

    نہیں۔ یہ ایک اندازہ ہے۔ یہ ایک پیٹرن کو نام دیتا ہے اور اپائنٹمنٹ کے لیے لفظ دیتا ہے۔ آپ کے جسم میں کیا ہو رہا ہے، یہ صرف ڈاکٹر بتا سکتا ہے۔

  • کیا اکاؤنٹ ضروری ہے؟

    نہیں۔ پورا نتیجہ اکاؤنٹ کے بغیر نظر آتا ہے۔ آخر میں آپ ریکارڈ شروع کرنے کے لیے مفت اکاؤنٹ بنا سکتی ہیں، یا نتیجہ اپنی ای میل پر منگوا سکتی ہیں۔

  • میری عمر 40 سے کم ہے۔ کیا یہ میرے لیے ہے؟

    جی ہاں۔ آپ کی عمر پہلا سوال ہے، کیونکہ ہدایات ایک جیسی تبدیلیوں کو مختلف عمر میں الگ الگ پڑھتی ہیں۔

  • میں نے کوائل لگوائی ہوئی ہے، یا بچہ دانی نکلوائی ہوئی ہے۔

    ماہواری والے سوال پر “پتا نہیں چلتا” چنیں۔ پھر نتیجہ آپ کی عمر سے، اور جو آپ نے محسوس کیا اس سے بنتا ہے۔

  • کیا میں یہ اردو میں کر سکتی ہوں؟

    جی ہاں، اردو یا رومن اردو میں۔ شروع کرنے سے پہلے اوپر زبان کے بٹن سے بدل لیں، کیونکہ زبان بدلنے سے صفحہ دوبارہ کھلتا ہے اور آپ کے جواب مٹ جاتے ہیں۔

  • کیا میں یہ گھر میں کسی کو دکھا سکتی ہوں؟

    جی ہاں۔ نتیجہ اسی لیے لکھا گیا ہے کہ کسی کو دکھایا جا سکے، یا اپائنٹمنٹ میں ساتھ لے جایا جا سکے۔

  • اگر ابھی مشکل ہو رہی ہو تو کیا کروں؟

    کسی سوالنامے کا انتظار نہ کریں۔ آج ہی کسی سے بات کریں: کسی ڈاکٹر سے، یا اپنے شہر کی کسی ہیلپ لائن سے۔

آپ کو ہر بار شروع سے سمجھانا نہیں پڑے گا۔

دونوں لفظ ساتھ لے کر جائیں: اپنا بھی اور ڈاکٹر کا بھی۔